کھیل
Time 23 اکتوبر ، 2023

نیا حریف، نیا امتحان! میگا ایونٹ میں واپسی کیلئے پاکستان آج افغانستان سے ٹکرائے گا

حریف ٹیم کے اسپن اٹیک کا مقابلہ کرنےکے لیے کپتان بابر اعظم سمیت رضوان،امام اور قومی بیٹرز نے گزشتہ روز بھرپور پریکٹس کی__فوٹو: ای ایس پی این
حریف ٹیم کے اسپن اٹیک کا مقابلہ کرنےکے لیے کپتان بابر اعظم سمیت رضوان،امام اور قومی بیٹرز نے گزشتہ روز بھرپور پریکٹس کی__فوٹو: ای ایس پی این

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم اپنا پانچواں اور اہم ترین میچ افغانستان کےخلاف آج چنئی میں کھیلے گی۔

نیا حریف، نیا میدان، نیا امتحان، میگا ایونٹ میں واپسی کےلیے ٹیم پاکستان یکجان، اسپنرز کے لیےسازگار وکٹ پر افغان بولر راشد خان کا جادو چلےگا، یا شاہینوں کا پیس اٹیک میچ بچائے گا؟

حشمت اللہ، گُرباز اور زاردان کے بلے روکنے کے لیے کیا شاداب ، نواز اور آغا گیندیں گھمائیں گے؟ شائقین کو اہم ترین میچ کا بےصبری سے انتظار ہے۔

حریف ٹیم کے اسپن اٹیک کا مقابلہ کرنےکے لیے کپتان بابر اعظم سمیت رضوان،امام اور قومی بیٹرز نے گزشتہ روز بھرپور پریکٹس کی۔

گرین شرٹس کے بغیر کسی تبدیلی کے میدان میں اُترنے کا امکان ہے۔

اعداد و شمار کیا بتاتے ہیں؟

اعدادوشمار کےاعتبار سے سات کے سات میچز جیت کرپاکستان کا پلڑا بھاری ہے لیکن افغانستان سے ہرمقابلہ سنسنی خیزہی رہا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا کےخلاف پانچ وکٹیں لینےوالےشاہین شاہ آفریدی افغانستان کےخلاف کامیابی کےلیے پُرعزم  ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارتی پچزپرانگلینڈ اورآسٹریلیا جیسا سوئنگ اور باؤنس نہیں مل رہا  لیکن ایک دواچھے کیچ اور رن آؤٹ میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔

اوپنر امام الحق کا کہنا ہے پچھلے دو میچوں میں شکست کا تجزیہ کرلیا، آج مداحوں کو بہتر ٹیم نظر آئے گی، آج کا میچ جیت کرٹیم کودوبارہ ٹریک پر لائیں گے۔

ادھر افغانستان کے ہیڈ کوچ جوناتھن ٹروٹ کا کہنا ہے کہ وہ صرف اسپنرز پر انحصار نہیں کریں گے، پاکستان اچھی ٹیم ہے اس کے خلاف جیت کےلیے بیٹرز اور فاسٹ بولرزکو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :