24 اکتوبر ، 2023
پاکستان ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ورلڈکپ میں افغانستان سے شکست کا ذمہ دار کپتان بابر اعظم کو قرار دے دیا۔
نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتانوں وسیم اکرم ، شعیب ملک اور مصباح الحق نے افغانستان سے پاکستان کی شکست پر ناراضگی کا اظہار کیا۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ شکست کا ذمہ دار کوئی ایک شخص نہیں بلکہ سب ہیں، اس شکست میں آپ کے چیئرمین کرکٹ بورڈ، کوچز، چیف سلیکٹر ، ڈائریکٹر اور کپتان سب برابر کے شریک ہیں۔
وسیم اکرم کی گفتگو پر شعیب ملک کا کہنا تھا کہ اس شکست میں سب سے زیادہ ذمہ دار کپتان ہے جس پر میزبان کا کہنا تھا کہ کپتان تو کنگ بابر اعظم ہیں؟ جس پر شعیب ملک نے کہا کہ بابر ایک اچھے بیٹر ہیں لیکن کپتان اچھے نہیں ہیں۔
سابق کرکٹر معین خان نے بھی شعیب ملک کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ بابر نے 4 سال سے بڑےایونٹس میں پاکستان ٹیم کی قیادت کی لیکن کہیں بھی ان کی کپتانی مں بہتری نظر نہیں آئی، کپتان کیلئے وقت کیساتھ چیزوں کو سیکھنے کی ضرورت ہے، وقت پر حریف ٹیم کو پریشر ڈالنے کی ضرورت ہوتی ہے وہ بابر نہیں ڈال پاتے، جہاں وکٹ لینی ہوں وہاں آپ نزدیکی فیلڈرز نہیں کھڑے کرپاتے جوکہ ایک کپتان کی حکمت عملی میں نظرآنی چاہیے۔