27 اکتوبر ، 2023
لاہور : نوجوان قومی کرکٹر صائم ایوب کا کہنا ہے کہ وہ خود کو ماڈرن ڈے کرکٹ کے لیے تیار کر رہے ہیں، قومی ٹیم میں جب بھی موقع ملا اسی مائنڈ سیٹ سے کھیلنا ہے۔
گزشتہ روز قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں کراچی وائٹس نے فیصل آباد ریجن کو 456 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی، صائم ایوب میچ کی پہلی اننگز میں ڈبل سنچری اور دوسری اننگز میں سنچری کے ساتھ مین آف دی فائنل قرار پائے تھے جبکہ کراچی وائٹس کے کپتان سرفراز احمد پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے تھے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ مجھے اندازہ ہے کہ سب کا فوکس ماڈرن ڈے کرکٹ پر ہے، خود کو ماڈرن ڈے کرکٹ کے لیے تیار کر رہا ہوں، جب بھی قومی ٹیم میں موقع ملا اسی مائنڈ سیٹ سے کھیلنا ہے۔
قائد اعظم ٹرافی کیلئے فتح پر بات کرتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ کراچی وائٹس کو جتوانے کا ٹارگٹ تھا، خوشی ہے اس میں حصہ ڈالا، قائد اعظم ٹرافی کے دوران بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔
صائم ایوب نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ڈریسنگ روم میں ٹیسٹ کرکٹرز تھے، ماحول بہت اچھا تھا، سینئرز سے بہت کچھ سیکھا۔