نادیہ جمیل اسرائیلی درندگی پر خاموش رہنے پر پاکستان سمیت تمام اُمت مسلمہ پر پھٹ پڑیں

نادیہ جمیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ترکیہ کے ایک ٹیلی ویژن پروگرام کا ویڈیو کلپ شیئر کیا__فوٹو: ایکس
نادیہ جمیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ترکیہ کے ایک ٹیلی ویژن پروگرام کا ویڈیو کلپ شیئر کیا__فوٹو: ایکس

پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل اسرائیل کی فلسطین  پر  کی جانے والی مسلسل بمباری پر پاکستان سمیت دیگر خاموش مسلم ممالک پر برس پڑیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی فلسطین پر حالیہ بمباری سے مواصلاتی نظام تباہ ہوگیا ہے، اسرائیلی بمباری سے آخری بچنے والی انٹرنیشنل کیبل بھی تباہ ہوگئی ہے جس کی وجہ سے غزہ کا دنیا سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

غزہ پراسرائیلی بمباری سے مزید 300 فلسطینی شہید ہوگئے، اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی کے 53 اہلکاروں سمیت شہدا کی مجموعی تعداد ساڑھے 7 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے،  15 اہلکار صرف ایک ہی روز میں مارے جا چکے ہیں جب کہ اب تک مجموعی طور پر 21 ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیلی حملوں میں زخمی ہوچکے ہیں۔

ایسے میں پاکستان کے کئی اداکار اسرائیل کی درندگی پر دنیا کے خاموش ممالک کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔

نادیہ جمیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ترکیہ کے ایک ٹیلی ویژن پروگرام کا  ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں ایک فلسطینی کا پیغام پڑھ کر سنایا جارہا تھا۔

فلسطینی نے اپنے پیغام میں کہا  'مسلم ممالک سے کہو کہ وہ ہماری نماز جنازہ نہ پڑھیں، ہم زندہ ہیں اور تم مر چکے ہو'۔

اس دلخراش پیغام پر ردعمل میں نادیہ نے لکھا 'پاکستان سمیت ہر مسلم ملک کو شرم آنی چاہیے جو خاموشی سے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطین کی نسل کشی دیکھ دیکھ رہے ہیں'۔

اُنہوں نے مایوسی اور بے بسی کی کیفت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 'میں بہت شرمندہ ہوں'۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے عرب گروپ کی پیش کردہ غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی ہے۔

اقوام متحدہ میں منظورہونے والی اس قرارداد میں حماس کا ذکر شامل نہیں تھا جس پر اسرائیل بھڑک اٹھا اور اقوام متحدہ کی قرارداد کو مسترد کرتے ہوئے اپنی دھمکیوں کو دہرا دیا۔

مزید خبریں :