31 اکتوبر ، 2023
امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن کے سینیٹ کمیٹی کے روبرو بیان کے دوران وہاں موجود لوگوں نے کھڑے ہوکر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور بھرپور احتجاج کیا۔
بلنکن کی بات شروع ہوتے ہی مظاہرین نے غزہ پر حملوں کے خلاف نعرے لگائے،کئی مظاہرین نے فلسطینیوں کے خون کی علامت کے طور پر ہاتھوں پر سُرخ رنگ بھی لگا رکھا تھا۔ نعروں کی وجہ سے سینیٹ کمیٹی کی کارروائی کئی مرتبہ روکنا پڑی۔
وزیر خارجہ بلنکن اور وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے سینیٹ میں 106 ارب ڈالر کی نیشنل سکیورٹی فنڈنگ کی درخواست کا دفاع کیا۔
وائٹ ہاؤس نے اس فنڈنگ میں سے 14.3 ارب ڈالر اسرائیل کے لیے مانگے ہیں۔
سینیٹ کی عمارت سے 12 مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا۔
خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ 25 ویں دن بھی جاری ہے اور فضائی بمباری کے ساتھ ساتھ زمینی حملے بھی تیز کر دیے گئے ہیں۔
7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 8525 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے اسپتالوں اور طبی مراکز کو دانستہ طور پر نشانہ بنانےکا سلسلہ بھی جاری ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ طبی ٹیموں کے خلاف جنگی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور 130 طبی ورکرز شہید ہو چکے ہیں۔