03 نومبر ، 2023
بھارتی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں لیں اور پانچویں وکٹ لینے پر بولر نے سجدہ کرنے کی کوشش کی لیکن پھر انہوں نے سجدہ کرنے سے گریز کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
گزشتہ روز ممبئی کے واکھنڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے 33 ویں میچ میں بھارت نے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے میں 302 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا اس جیت میں شامی کی 5 وکٹوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
شامی نے پانچویں وکٹ لینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پہلے آسمان کی طرف دیکھ کر شکر ادا کیا اور پھر بیٹھ کر سجدہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اس دوران سجدہ نہ کرسکے اور سجدہ کرنے سے گریز کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے اس پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
محمد ہارون نامی صارف نے لکھا کہ محمد شامی سجدہ کررہے تھے لیکن پھر وہ رک گئے کیوں؟
ایک صارف نے محمد شامی کی وائرل ویڈیو پر تذکرہ کرتے ہوئے لکھا کہ شامی کے سجدہ کرتے کرتے رک جانے کی وجہ اسلامو فوبیا کے واقعات کی تاریخ والے ملک کی نمائندگی کرنا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ محمد شامی سجدہ کرنے کی کوشش کررہے تھے لیکن پھر انہیں یاد آیا کہ انہیں اس عمل پر نہیں معاف کیا جائے گا۔
محمد شامی سجدہ کرنے کیلئے جھکے لیکن پھر وہ رک گئے کیا وہ کسی سے ڈر رہے تھے؟