05 نومبر ، 2023
آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھارت میں موجود افغانستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نوین الحق نے آسٹریلیا کی ٹیم پر طنز کیا ہے۔
نوین الحق نے آسٹریلیا کے خلاف 7 نومبر کو شیڈول میچ سے قبل سوشل میڈیا پر طنزیہ پوسٹ شیئر کی ہے۔
انسٹاگرام اسٹوری میں نوین الحق نے لکھا کہ آسٹریلیا نے باہمی سیریز کھیلنے سے انکار کیا اب ورلڈ کپ میں کرکٹ آسٹریلیا کا اسٹینڈ دیکھنا دلچسپ ہو گا۔
انہوں نے آسٹریلوی ٹیم پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ اسٹینڈرڈ ہیومن رائٹس یا 2 پوائنٹس۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے گزشتہ سال افغانستان کے ساتھ ہیومن رائٹس کی خلاف ورزی کا کہہ کر باہمی سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کے لیے اگلے میچز اہم ہیں۔