14 جنوری ، 2013
لاہور … جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی نگران وزیر اعظم کیلئے جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد اور جسٹس (ر) شاکر اللہ جان کے نام پرمتفق ہے، حکومت کو ئی دوسرا نام چاہتی ہے تو اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کرے۔ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطا ب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایسے گرینڈ الائنس کی ضرورت ہے جو انتخابات سے فرار کے راستے بند کردے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے انتظامی معاملات میں فوج، عدالت، سول بیوروکریسی اور پارلیمنٹ کا سیاست کیلئے الگ الگ دائرہ کار متعین ہے ۔ ان کاکہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کا تقرر تمام جماعتوں کی رضا مندی سے ہوا، الیکشن کمیشن کے ممبران کا کردار بھی شفاف ہے ۔