Time 11 نومبر ، 2023
کھیل

بابر نے پاکستان مخالف باتیں کرنے پر عرفان پٹھان کو انٹرویو نہیں دیا: صحافی کا دعویٰ

پاکستان کے سینئر اسپورٹس جرنلسٹ نسیم راجپوت نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارت کے سابق کرکٹر عرفان پٹھان کو انٹرویو دینے سے انکار کیا۔

نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا کے کئی پلیٹ فارمز پر وائرل ہے جس میں نسیم راجپوت بتا رہے ہیں کہ 'عرفان پٹھان نے ورلڈکپ کے براڈ کاسٹر اسٹار اسپورٹس کے لیے بابر اعظم کا انٹرویو کرنے کی کوشش کی'۔

بات جاری رکھتے ہوئے نسیم راجپوت نے بتایا کہ 'پہلے اسٹار اسپورٹس کی پروڈکشن ٹیم آئی اور انہوں نے کہا عرفان پٹھان آپ کا انٹرویو کرنا چاہتے ہیں، بابر نے لفٹ ہی نہیں کروائی، اس کے بعد عرفان نے کہا میں خود جاکر بات کرتا ہوں'۔

انہوں نے کہا 'عرفان بابر کے پاس گئے تو قومی ٹیم کے کپتان نے کہا پاکستان کے خلاف جو لوگ زیادہ بات کرتے ہیں میں ان سے بات نہیں کرتا، یہ کہہ کر بابر نے عرفان پٹھان سے بات نہیں کی اور گراؤنڈ سے چلے گئے'۔

نسیم راجپوت کے مطابق انہوں نے یہ رپورٹ بھارتی میڈیا پر دیکھی جو کہ انہیں مستند لگی۔

کیا یہ دعویٰ درست ہے؟

دوسری جانب بھارتی میڈیا کی چند ویب سائٹس نے اس دعوے کو غلط قرار دیا ہے اور بتایا ہے کہ اس دعوے میں کوئی سچائی نہیں۔

اس کے علاوہ جیو نیوز کے بھارت میں موجود ذرائع کے مطابق عرفان پٹھان نے نہیں بلکہ بنگلادیش کے ایک ٹی وی چینل نے بابر اعظم کی بغیر اجازت ان کا انٹرویو کرنے کی کوشش کی تھی جسے انہوں نے منع کر دیا تھا۔

مزید خبریں :