Time 13 نومبر ، 2023
کھیل

روہت شرما نے ایک سال میں سب سے زیادہ چھکے لگا کر ڈی ویلیئرز کا ریکارڈ توڑ دیا

روہت نے نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں 2 چھکے لگاکر اعزاز حاصل کرلیا، انہوں نے رواں سال 60 چھکے لگائے جب کہ اب بھی اس سال کا ڈیڑھ ماہ باقی ہے—فوٹو: ای ایس پی این
روہت نے نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں 2 چھکے لگاکر اعزاز حاصل کرلیا، انہوں نے رواں سال 60 چھکے لگائے جب کہ اب بھی اس سال کا ڈیڑھ ماہ باقی ہے—فوٹو: ای ایس پی این

بھارتی کپتان روہت شرما نے ایک سال میں سب سے زیادہ چھکے لگا کر تاریخ رقم کردی۔

روہت شرما نے یہ ریکارڈ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں توڑا، ان سے قبل جنوبی افریقا کے سابق اسٹار بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس یہ اعزاز تھا کہ انہوں نے سال 2015 میں سب سے زیادہ چھکے لگائے تھے جن کی تعداد 58 تھی۔

اب روہت نے نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں 2 چھکے لگاکر اعزاز حاصل کرلیا، انہوں نے رواں سال 60 چھکے لگائے جب کہ اب بھی اس سال کا ڈیڑھ ماہ باقی ہے۔

روہت نے اس میچ میں صرف 54 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے،کولن ایکرمین کی گیند پر میچ کے پہلے چھکے کے ساتھ روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ کے ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ چھکے لگا کر تاریخ رقم کردی۔

اے بی ڈی ویلیئرز سے قبل ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کے پاس یہ ریکارڈ تھا جنہوں نے ایک کیلنڈرز ایئر (2019) میں 56 چھکے لگائے تھے جب کہ اس سے قبل 2002 میں  پاکستان کے شاہد آفریدی نے 48 چھکے لگائے تھے۔

اس فہرست میں پانچویں نمبر پر متحدہ عرب امارات کے محمد وسیم ہیں جنہوں نے 2023 میں 47 چھکے لگائے۔

واضح رہے کہ ون ڈے ورلڈکپ کا لیگ اسٹیج اب ختم ہوچکا ہے، 15 نومبر کو بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا اور 16 نومبر کو جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے مابین دوسرا سیمی فائنل کھیلا جائے گا۔

ورلڈکپ کا فائنل 19 نومبر اتوار کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

مزید خبریں :