Time 14 نومبر ، 2023
کھیل

'یہ وہی ہے جو پاکستان کو نمبر 1 پر لایا'، کپل دیو بابرکی حمایت میں سامنے آگئے

بھارت کے سابق لیجنڈ کرکٹر کپل دیو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر ہونے والی تنقید کے خلاف بول پڑے۔

بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان کا سفر اختتام پذیر ہوچکا ہے اور ٹیم واپس پاکستان پہنچ گئی ہے جب کہ نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، بھارت اور آسٹریلیا نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

ون ڈے ورلڈکپ میں بری طرح ناکامی کے بعد پاکستانی کرکٹرز سمیت کپتان پر سابق کھلاڑیوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت تنقید کی جارہی ہے۔

کچھ سابق پاکستانی کھلاڑیوں نے بابر کو کپتانی خود سے چھوڑنے کا مشورہ بھی دیا ہے تاکہ وہ اپنی بیٹنگ پر مکمل توجہ دے سکیں جن میں کامران اکمل شامل ہیں۔

اب بابراعظم کی حمایت میں کپل دیو بول اٹھے جنہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا 'ٹیم کی موجودہ کارکردگی کی وجہ سے لوگ بابراعظم کو طعنے دے رہے ہیں، ان پر تنقید کررہے ہیں لیکن یاد رکھیں کہ یہ وہی کھلاڑی ہے جس نے 6 ماہ قبل پاکستان کو پہلے نمبر پر پہنچایا تھا'۔

انہوں نے کہا 'لوگ بابر کو آج دیکھ رہے ہیں کیونکہ آج اس کی کارکردگی اچھی نہیں رہی لیکن وہ کل بھول گئے جب وہ پرفارم کرتا رہا ہے'۔

کپل دیو نے کہا 'جب کوئی زیرو بناتا ہے یعنی جب کسی کھلاڑی پر تنقید کی جارہی ہوتی ہے اور اس کے بعد عوام کے خیالات کا پوچھا جائے تو 99 فیصد لوگ کہیں گے کہ اس کھلاڑی کو ڈراپ کردو'۔

سابق بھارتی کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ 'شائقین کو حالیہ پرفارمنس کو مدنظر رکھنے کی عادت ہے، میں اس پر یقین نہیں رکھتا، کوئی عام کھلاڑی اپنے پہلے میچ میں اگر سنچری بناتا ہے تو اسے سپر اسٹار قرار دیا جاتا ہے'۔

کپل دیو نے کہا 'کسی کھلاڑی کو اس کی موجودہ کارکردگی کی بنا پر نہیں جانچیں، یہ دیکھیں کہ وہ کھیلتا کیسے ہے، اس میں کتنا جوشم جنون اور ٹیلنٹ ہے، کھلاڑی پہلی گیند پر بھی آؤٹ ہوسکتا ہے، دنیا میں کوئی بیٹر ایسا نہیں جو پہلی گیند پر آؤٹ نہ ہوسکے'۔

مزید خبریں :