Time 15 نومبر ، 2023
کھیل

سیمی فائنل میں پچ کی تبدیلی، آئی سی سی کا بیان سامنے آگیا

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کا بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں پچ کی تبدیلی پر بیان سامنے آگیا۔

برطانوی میڈیا نے بی سی سی آئی پر نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان آج بدھ کو ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ہونے والے سیمی فائنل کی پچ تبدیل کرنے کا الزام عائد کیا۔ 

برطانوی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے آئی سی سی کی اجازت کے بغیر سیمی فائنل میچ کی پچ تبدیل کی، بھارتی بورڈ نے ورلڈکپ میں دو بار استعمال ہونے والی پچ کو ایک بار پھر استعمال کرنےکا فیصلہ کیا۔

برطانوی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ بھارت نے اسپینرز کیلئے سازگار پچ کا انتخاب کیا تاکہ ان کے اسپینرز کو مدد مل سکے، ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں سیمی فائنل کیلئے پچ نمبر 7 استعمال ہونی تھی جو کہ پہلے استعمال نہیں ہوئی۔

پچ تبدیل کرنے پر آئی سی سی کا بیان

 آئی سی سی نے سیمی فائنل میں پچ کی تبدیلی پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ طویل ایونٹ ہے اور پچ کی تبدیلی معمول کی بات ہے، ایونٹ میں پچ کی تبدیلی پہلے بھی کئی بار ہوچکی ہے۔

آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ سیمی فائنل سے قبل پچ کی تبدیلی گراؤنڈ کیوریٹر،میزبان ملک کی سفارش پر کی گئی تھی، پچ کی تبدیلی آئی سی سی کے پچ کنسلٹنٹ کے علم میں تھی۔

اس سے قبل اس حوالے سے جب بی سی سی آئی حکام سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ تبدیلیاں گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کی تجاویز پر کی گئیں جبکہ گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ایسا انہوں نے بی سی سی آئی کی ہدایات پر کیا جو انہیں بھارتی ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے براہ راست بھیجی گئیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے ویرات کوہلی اور شریاس آئیر کی شاندار سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 398 رنز کے پہاڑ جیسا ہدف  دیا۔

مزید خبریں :