16 جنوری ، 2013
اسلام آباد… لانگ مارچ کے شرکا نے اسلام آباد میں ایک سرد صبح کے ساتھ دن کا آغاز کیا، وضو کے لیے پانی یخ ٹھنڈا اور کئی افراد کو طویل انتظار کے بعد ناشتے میں صرف چائے ملی۔ اسلام آباد میں تحریک منہاج القرآن کے لانگ مارچ اور دھرنے میں شریک افراد نے نماز فجر سے صبح کا آغاز کیا۔ ڈی چوک کے قریب ایک بیت الخلا کے باہر طویل قطاریں لگی رہیں تاہم خواتین کے لیے موبائل بیت الخلا ء کی سہولت موجود تھی۔ نماز کے بعد ناشتے کا مرحلہ آیا تو کسی نے جوس پیا تو کوئی چنے چباتا رہا۔ پنڈال کے قریب موجود چھپر ہوٹل والے کی تو چاندی ہوگئی، دال روٹی بھی بہت جدوجہد کے بعد ملی،کچھ کے حصے صرف چائے آئی تو کئی صرف صبر کا گھونٹ پی کررہ گئے۔ اس موقع پر لانگ مارچ کے شرکا کا کہنا تھا کہ ناشتہ پراٹھے تو مل رہے نہیں، بس چائے کے کپ سے گزارہ کررہے ہیں، وہ بھی دو گھنٹوں کے بعد ملا۔ بچوں کے لیے بھی ناشتے کا حصول مشکل مرحلہ رہا۔ کسی بچے کو دودھ ملا اور کچھ نے بسکٹ کھاکر گزارہ کیا۔