Time 21 نومبر ، 2023
انٹرٹینمنٹ

بھارتی اداکار کا اداکارہ سے متعلق نامناسب بیان پر معافی مانگنے سے انکار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارتی اداکار  منصور علی خان نے اداکارہ تریشا کرشنن سے متعلق نامناسب بیان پر معافی مانگنے سے انکار کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق منصور علی خان نے تامل فلم 'لیو' میں اپنی ساتھی اداکارہ تریشا کرشنن سے متعلق نامناسب گفتگو کی تھی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

منصور علی خان نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ جب مجھے معلوم ہوا کہ میں تریشا کرشنن کے ساتھ کام کر رہا ہوں تو میں نے سوچا کہ اس میں میرا ریپ سین ہوگا لیکن  ان لوگوں نے مجھے کشمیر میں فلم کی شوٹنگ کے دوران تریشا کرشنن کو دیکھنے تک نہیں دیا۔

 ردعمل میں تریشا کرشنن نے منصور علی خان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان کے الفاظ کو  عورت کی تضحیک، بےعزتی اور نفرت پر مبنی قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اچھا ہوا کہ میں ان جیسے شخص کے ساتھ اسکرین پر نہیں آئی اور خواہش ہے کہ ایسا کبھی نہ ہو۔

منصور علی خان کے بیان پر  فلم  کے ڈائریکٹر سمیت بی جے پی کی رہنما اور  نیشنل کمیشن فار ویمن کی رکن خوشبو سندر نے بھی مذمت کی اور ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جنوبی ہند کی فلم انڈسٹری کے اداکاروں کی یونین نے بھی منصور علی خان پر عارضی پابندی عائد کرتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سے قبل ایک بیان میں منصور علی خان نے کہا تھا کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کرپیش کیا گیا، میں خواتین کی عزت کرتا ہوں، کسی نے غلط انداز میں میرے بیان کو اداکارہ کے سامنے پیش کیا ہے۔

تاہم اب انہوں نے کہا ہے کہ وہ قطعی معافی نہیں مانگیں گے، لوگ جانتے ہیں کہ میں کون ہوں؟ مجھے تامل لوگوں کی حمایت حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریپ سین فلم میں عام بات ہے لیکن کیا اس کا مطلب حقیقی ریپ ہوتا ہے؟ میں نے کچھ غلط نہیں کہا، میں معافی نہیں مانگوں گا۔

مزید خبریں :