24 نومبر ، 2023
کراچی: نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال پر اجلاس طلب کرتے ہوئے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ پر برہمی کا اظہار کیا۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کی زیر صدارت تمام سوک ایجنسیز کا اجلاس ہوا جس میں میئر کراچی،کمشنر کراچی، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری ورکس شریک سمیت شہر کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ نے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے کام پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں لیکن شہر کی حالت بہتر نہیں ہوئی، صفائی نہیں، گٹر ابل رہے ہیں،کھمبوں میں کیبلز کے جال بنے ہوئے ہیں، شہر کی خوبصورتی تو دور کی بات ، پہلے مسائل تو حل کریں۔
نگران وزیراعلیٰ نے سولڈ ویسٹ کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ مجھے شہر صاف کرکے 4 دن میں رپورٹ کریں، شہر میں صفائی کا کام کرنے والی کمپنیوں کو عوام کا پیسہ دیتے ہیں، ان کمپنیوں سے کام لینا سولڈ ویسٹ اور ٹاؤنز کا کام ہے، شہر میں ہر طرف گندگی ہے، اب میں کسی صورت معاف نہیں کروں گا۔
اجلاس میں واٹر کارپوریشن کے سی ای او اسداللہ نےبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسکیم 33 اور اورنگی کے علاقوں میں نکاسی کا نظام نہیں، چھوٹے پلاٹوں پر بنے رہائشی ٹاورز کے گٹر ابلتے ہیں، صفائی اور نکاسی کے مسائل حل کرنا سولڈ ویسٹ اور کنٹونمنٹ بورڈ کا کام ہے۔
اس پر نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ کے ایم سی اور کنٹونمنٹ بورڈ اگلے ہفتے اجلاس کرکے اختیاراتی معاملات حل کریں، کراچی میں 3 لاکھ گٹر اور مین ہولز ہیں۔
اس دوران میئر کراچی مرتضٰی وہاب نے بتایا کہ گٹرز کے ڈھکن اب فائبر کے بنانا شروع کیے ہیں، فائبر سے بنے گٹر کے ڈھکن چوری نہیں ہونگے، شارع فیصل کی خوبصورتی پر کام شروع کردیا ہے، نیا ناظم آباد اور بنارس سڑک کی استرکاری کا فیصلہ کیا ہے اور سڑک پر نکاسی کی لائنیں بچھائی گئی ہیں۔