Time 24 نومبر ، 2023
کاروبار

کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان سرمایہ کاری کیلئے7 مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دیدی

فوٹو: اے پی پی
فوٹو: اے پی پی

وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان سرمایہ کاری کے لیے 7 مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دے دی۔

جمعہ کو نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کابینہ نے پاکستان اور کویت کے مابین سرمایہ کاری کیلئے 7 مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی جن پر وزیر اعظم کے دورہ کویت کے دوران دستخط کیے جائیں گے۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کوششوں کے نتیجے میں کویت پاکستان میں مختلف شعبوں کے 7 منصوبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرےگا۔

ان منصوبوں میں آبی ذخائر کی توسیع، کان کنی کی سہولیات، ساحلی علاقوں کیلئے مینگرووز کے جنگلات کی حفاظت اور توسیع، آئی ٹی کے شعبے، اور تحفظ خوراک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبے شامل ہیں۔

نگران وزیرِ اعظم اور وفاقی کابینہ نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل اور متعلقہ وزارتوں کی اس حوالے سے کوششوں کی تعریف کی۔

وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ وفاقی سطح پر دستخط ہونے والی ان مفاہمتی یادداشتوں میں صوبوں کے ساتھ تعاون یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں کی تکمیل جلد اور شفاف طریقے سے ہو سکے۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ نے 14 نومبر2023 کومنعقد ہونے والےکابینہ کمیٹی برائے قانون سازی امور کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔

اس کے علاوہ  وفاقی کابینہ نے 15 نومبر 2023 کو منعقد ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔

مزید خبریں :