Time 28 نومبر ، 2023
پاکستان

برطانوی پولیس کی سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر پر تیزاب پھینکے جانے کی تصدیق

فوٹو: رپورٹر
فوٹو: رپورٹر

لندن: ہارٹفورڈ شائر پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب رہنے والے شہزاد اکبر پر اتوار کو  تیزاب پھینکے جانے کے واقعہ کی تصدیق کردی ہے۔

ہارٹفورڈ شائر پولیس کے مطابق اتوار کو ایک نامعلوم شخص موٹرسائیکل پر آیا اور شہزاد اکبر پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا۔

ہارٹفورڈ شائر پولیس کا کہنا ہے کہ  تیزاب سے متاثر شہزاد اکبر کو اسپتال میں طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا ہے، تحقیقات جاری ہیں، کسی شخص کو معلومات ہوں تو رابطہ کرے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے بتایا کہ ڈلیوری بوائے بن کر آئے شخص نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا، بوتل سے پھینکا گیا تیزاب دروازے اور مجھ پر گرا البتہ میری اہلیہ اور بچے محفوظ رہے۔

شہزاد اکبر نے بتایا کہ چشمہ پہننے کے سبب میری آنکھیں تیزاب سے محفوظ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے تیزاب کی بوتل برآمد کرلی ہے اور حملہ آورکے فنگر پرنٹ حاصل کر  لیے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پیر کو شہزاد اکبر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لکھا تھا کہ گزشتہ شام مجھ پر حملہ کیا گیا، نامعلوم افراد نے تیزاب پھینکا، حملہ انگلینڈ میں میری رہائش گاہ پرکیا گیا جہاں میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہا ہوں۔

شہزاد اکبر نے مزید لکھا کہ میری حالت خطرے سے باہر ہے اور میں ان حملوں سے گھبراؤں گا نہیں۔

مزید خبریں :