Time 29 نومبر ، 2023
پاکستان

لیول پلیئنگ فیلڈ یہ ہے کہ میں لاہور اور نواز شریف اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہو رہے: شہباز

نواز دشمنی میں بلوچستان حکومت بھی گرا دی گئی، ہماری حکومت گرا کر پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا گیا: صدر ن لیگ۔ فوٹو فائل
نواز دشمنی میں بلوچستان حکومت بھی گرا دی گئی، ہماری حکومت گرا کر پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا گیا: صدر ن لیگ۔ فوٹو فائل

لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی مخالفت اور دشمنی میں بلوچستان کی حکومت بھی گرا دی گئی، ہماری حکومت گرا کر پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا گیا۔

احتساب عدالت کے طلب کرنے پر شہباز شریف رمضان شوگر مل ریفرنس میں عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ مجھے صاف پانی کیس میں بلایا گیا اور گندے نالے کیس میں گرفتار کیا گیا، میں کیس کے میرٹ پر گفتگو نہیں کروں گا وہ میرا وکیل کرے گا، یہ مقدمہ بہت سال سے چل رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے پہلی بار صاف پانی میں بلوایا گیا اور گرفتار آشیانہ میں کیا، آشیانہ اقبال میں مجھے آپ کی عدالت نے انصاف دیا، اس کے بعد نیب نے مجھے گندے نالے کیس میں گرفتار کر لیا، مجھے کہا گیا کہ بیٹے کی شوگر مل کے باہر گندا نالا تعمیر کروایا ہے، یہ گندا نالا ایک ایم پی اے نے تعمیر کرایا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا میرے دور میں صاف پانی کے ہزاروں پروجیکٹ لگائے گئے، یہ مل ہماری وراثتی شوگر مل ہے وہ میں نے بیٹے کو ٹرانسفر کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا پنجاب میں میرے دور میں شوگر ملز کو سبسڈی نہیں دی گئی، میں نے سال 2014-15 میں سندھ سے قیمت زیادہ رکھی، اس وقت مجھ پر پریشر ڈالا گیا لیکن میں نے کسانوں کا نقصان نہیں ہونے دیا، میں نے کہا یتیم، بیواؤں کا پیسہ ہے، شوگر ملز مالکان کیلئے سبسڈی نہیں دوں گا، میں نے کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچایا۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا اپنے دور حکومت میں جتنے بھی بیرون ملک کے دورے کیے اپنی جیب خرچ سے کیے، آج میں اس عدالت میں حاضر ہوا، آج ہی نواز شریف اسلام آباد کی عدالت میں انصاف کیلئے حاضر ہوں گے، عدالتیں ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔

9 مئی کے آلہ کاروں کی سہولت کاری ملک دشمنی ہے، شہباز شریف کی میڈیا سے گفتگو

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا نواز شریف سے لے کر پورے شریف خاندان نے جو صعوبتیں جھیلیں وہ ریکارڈ کا حصہ ہیں، نواز شریف کے سامنے مریم کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں، ہم نے جیلیں کاٹیں، نواز شریف نے جلاوطنی کاٹی اور اب پھر ملک میں واپس آئے ہیں، نواز شریف نے خود کو قانون کے سامنے پیش کر دیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا نواز شریف کی مخالفت اور دشمنی میں بلوچستان کی حکومت بھی گرا دی گئی، نواز شریف کی حکومت ختم کرکے ترقی کا سفر روکا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے آلہ کاروں کی سہولت کاری ملک دشمنی ہے، 9 مئی کو ایک سازش کی گئی، 9 مئی کو فوج میں بغاوت کی بھیانک سازش کی گئی، فوج میں تختہ الٹنے کی سازش کی گئی، غداری تو کوئی جمہوری حکومت بھی برداشت نہیں کرتی۔

پوری تیاری کے ساتھ انتخابی مہم میں داخل ہو رہے ہیں: صدر  مسلم لیگ ن

ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا الیکشن بروقت ہونے چاہیئں، قانون اور جمہوری تقاضوں کی یہی منشا ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ یہی ہےکہ میں انصاف کیلئے لاہور کی عدالت میں پیش ہوا، لیول پلیئنگ فیلڈ یہ ہے کہ نوازشریف اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا ہم پوری تیاری کے ساتھ انتخابی مہم میں داخل ہو رہے ہیں، نواز شریف انتخابی مہم کے دوران منشور پیش کریں گے۔

مزید خبریں :