24 فروری ، 2012
کراچی … صدر آصف زرداری نے ناراض بلوچ رہنماوٴں کو منانے کا ٹاسک گورنر بلوچستان ذوالفقار مگسی کو دے دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بلوچستان کی محرومیوں کو دور اور ناراض بلوچ سرداروں کو منائے گی۔ کراچی میں گورنر بلوچستان ذوالفقار مگسی کی رہائش گاہ پر وزیر خوراک سندھ نادر مگسی کے ہمراہ صدر آصف علی زرداری نے گورنر بلوچستان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی اور انکی مغفرت کیلئے دعا کی۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے گورنر بلوچستان ذوالفقار مگسی کو ٹاسک دیا کہ وہ خود ایک سردار ہیں اور ناراض بلوچ سرداروں سے رابطہ کرکے ان کو منائیں، بھائیوں کے درمیان کوئی پروٹوکول نہیں ہوتا۔ صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور صدر مملکت کی حیثیت سے ان سے بات کرنے کیلئے تیار ہوں۔