Time 11 دسمبر ، 2023
پاکستان

پی ٹی آئی کا انٹرا پارٹی انتخابات پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کو چیلنج کرنےکا اعلان

الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کریں گے: ظاہر شاہ طورو۔ فوٹو فائل
الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کریں گے: ظاہر شاہ طورو۔ فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انٹرا پارٹی انتخابات پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے حالیہ انٹرا پارٹی الیکشن میں پارٹی نے بیرسٹر گوہر علی خان کو عمران خان کی جگہ پارٹی چیئرمین جبکہ عمر ایوب کو سیکرٹری جنرل مقرر کیا تھا۔

پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں شاہ محمود قریشی کو وائس چیئرمین جبکہ چوہدری پرویز الٰہی کو صدر منتخب کیا گیا تھا۔

چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر سمیت دیگر رہنماؤں نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو چیلنج کرتے ہوئے انہیں کالعدم قرار دیکر نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔

درخواست گزاروں کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن پارٹی آئین کے بھی خلاف ہیں، نا تو انتخابی فارم جاری کیے گئے اور نا ہی ووٹر لسٹیں جاری کی گئیں، ہم انتخابات میں حصہ لینا چاہتے تھے لیکن پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں کوئی موجود ہی نہ تھا۔

الیکشن کمیشن نے درخواستوں پر پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف دائر درخواستوں پر جواب طلب کیا تھا۔

اب پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کو عدالت میں چیلنج کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

نائب صدرپی ٹی آئی خیبر پختونخوا ظاہرشاہ طورو کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کریں گے۔

ظاہر شاہ طورو کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف تیار پٹیشن پر مرکزی و صوبائی قائدین کے دستخط موجود ہیں۔

مزید خبریں :