11 دسمبر ، 2023
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت کی براہ راست نشریات کیلئے درخواست دائر کردی۔
بلاول بھٹو کی جانب سے درخواست وکیل فاروق ایچ نائیک نے دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ ہونے کے ناطے انصاف کیلئے درخواست کی، ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کیلئے کردار ادا کیا، ان کا قتل نظام انصاف پر دھبہ ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عوام کے سامنے حقائق رکھنے کیلئے کیس کی لائیو نشریات بہت اہم ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ انصاف کے تقاضے مدنظر رکھتے ہوئے ریفرنس کی سماعت براہ راست نشر کی جائے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کے عدالتی قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت منگل 12 دسمبر کو ہو گی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 9 رکنی لارجر بینچ دن 11 گیارہ بجے سماعت کرےگا۔
یاد رہے کہ 2011 میں اس وقت کے صدر آصف علی زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل سے متعلق ریفرنس دائر کیا تھا اور اس وقت کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے دسمبر 2012 تک کیس کی 6 سماعتیں بھی کی تھیں لیکن ریفرنس سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔