Time 12 دسمبر ، 2023
کھیل

سوئی سدرن کا فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ 'پریزیڈنٹ ٹرافی' سے دستبردار ہونے کا فیصلہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کے ڈپارٹمنٹل ٹیموں پر مشتمل فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ پریزیڈنٹ ٹرافی کے آغاز سے چار روز قبل ایک اہم ڈپارٹمنٹ سوئی سدرن گیس کمپنی(ایس ایس جی سی) نے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ملک میں ڈپارٹمنٹ کرکٹ کی بحالی کے بعد 8 ڈپارٹمنٹل ٹیموں پر مشتمل پریزیڈنٹ ٹرافی 16 دسمبر سے شروع ہونا تھی۔

ایونٹ کیلئے ڈراز میں ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی ، واپڈا، کے آر ایل، پی ٹی وی، ایچ ای سی ، اسٹیٹ بینک اور غنی گلاس کی ٹیمیں شامل تھیں لیکن ایونٹ کے آغا زسے چار روز قبل ایس ایس جی سی نے ایونٹ سے دستبراری کا فیصلہ کرلیا ہے اور پی سی بی کو اس سےزبانی طور پر آگاہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایس ایس جی سی کے اسپورٹس ڈپارٹمنٹ نے  ٹورنامنٹ کی مکمل تیاری کرلی تھی، پلیئرز کو سائن بھی کرلیا تھا لیکن ادارے کے اعلیٰ حکام نے آخری لمحات میں  ٹیم جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ۔

پی سی بی کے دو اعلیٰ عہدیداران نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایس ایس جی سی کی جانب سے انہیں زبانی طور پر فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے تاہم وہ تحریری آگاہی کے منتظر ہیں جس کے بعد ٹورنامنٹ کے نئے ڈراز کا اعلان کیا جائے گا۔

 سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان نے بھی  ٹیم کی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ سے دستبرداری کی تصدیق کردی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس وقت ترجیح گیس کی فراہمی ہے، کھیلوں کی سرگرمی محدود کی ہوئی ہے، یہی وجہ ہے کہ پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ سے ٹیم دستبردار  کی ہے۔

ایس ایس جی سی کی دستبرداری کے بعد اب پریزیڈنٹ ٹرافی میں 7 ٹیموں کے درمیان مقابلے کا ہی امکان ہے ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نیشنل بینک، کے پی ٹی اور پورٹ قاسم بھی ٹورنامنٹ میں شرکت سے معذرت کرچکے ہیں ۔

مزید خبریں :