16 دسمبر ، 2023
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پوری قوم کی نظریں انتخابات پر ہیں اور پی ٹی آئی کی جانب سے آر اوز کی تقرری کو معطل کروانا جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔
پارٹی کے پارلیمانی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جب باہر تھے تو بھی انتشار پھیلانے کی کوشش کی اور اب جیل میں ہیں تو الیکشن سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 90 فیصد سابق ایم این ایز اور ایم پی ایز چھوڑ چکے ہیں لیکن (ن) لیگ کے لوگ بدترین حالات میں بھی چھوڑ کر نہیں گئے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پہلے بھی 2 صوبوں میں حکومتیں گرا کر جمہوریت پر خودکش حملہ کیا مگر ناکام ہوئے، انہیں الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن کمشنر ضروری اقدامات کرکے الیکشن کروائے، الیکشن عمل بروقت ہونا چاہیے کیونکہ پی ٹی آئی اس بار پھر سیاسی ایجنڈا پورا کرنے کے لیے عدلیہ کا کندھا استعمال کر رہی ہے۔