Time 18 دسمبر ، 2023
کھیل

شاداب خان انجری کے باعث دورہ نیوزی لینڈ سے باہر

شاداب خان پاؤں کی انجری کا شکار ہیں اور ان کی انجری بہتر ہونے میں مزید چار ہفتے درکار ہوں گے/ فائل فوٹو
شاداب خان پاؤں کی انجری کا شکار ہیں اور ان کی انجری بہتر ہونے میں مزید چار ہفتے درکار ہوں گے/ فائل فوٹو

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر  شاداب خان دورہ نیوزی لینڈ سے باہر ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شاداب خان پاؤں کی انجری کا شکار ہیں اور ان کی انجری بہتر ہونے میں مزید چار ہفتے درکار ہوں گے۔

شاداب خان 3 دسمبر کو یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی پر سیالکوٹ کے خلاف کھیلتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے، کراچی میں نیشنل ٹی20 میچ میں فیلڈنگ کے دوران شاداب خان کا پاؤں مڑ گیا تھا جس کے بعد انہیں پیٹھ پر بٹھاکر گراؤنڈ سے باہر لے جانے کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اس بات پر ناراض بھی ہوا کہ زخمی کھلاڑی کو اسٹریچر کے بجائے ساتھی کرکٹر کندھے پر کیوں لے کر گئے؟ جب کہ تمام میڈیکل سہولتیں موجود تھیں۔ 

پی سی بی راولپنڈی کی ٹیم مینجمنٹ سے ناخوش بھی ہوئی کہ جب اسٹیڈیم میں تمام سہولتیں موجود تھیں تو ایسا کیوں کیا گیا، البتہ اس واقعہ کے بعد شاداب خان جو ٹی 20 میں راولپنڈی کے کپتان تھے، ان کی عدم موجودگی میں قیادت آل راؤنڈر محمد نواز نے کی۔

واضح رہےکہ پاکستان ٹیم جنوری 2024 میں نیوزی لینڈ میں 5 ٹی 20 میچ کھیلے گی اور پہلا میچ 12 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :