Time 20 دسمبر ، 2023
پاکستان

عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس سماعت کیلئے منظور

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

راولپنڈی: احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان اور  ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی  کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرلیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران  نیب کی جانب سے دائر  کردہ ریفرنس سماعت کے لیے منظورکرتے ہوئے  فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

خیال رہے کہ  قومی احتساب بیورو (نیب) نے گزشتہ روز  سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی  اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کیا تھا۔

ریفرنس میں کہا گیا ہےکہ 108 میں سے بانی پی ٹی آئی اور  بشریٰ بی بی نے 14 کروڑ روپے مالیت کے 58 تحائف اپنے پاس رکھے، تحائف کم مالیت ظاہر کرکے اپنے پاس رکھے گئے۔

دوران تفتیش معلوم ہوا بشریٰ بی بی کو سعودی ولی عہد سے جیولری سیٹ تحفے میں ملا جو  توشہ خانہ میں جمع ہی نہیں کروایا،  سعودی ولی عہد  سے ملنے والا جیولری سیٹ انتہائی کم رقم کے عوض رکھا گیا  اور  بشریٰ بی بی، بانی پی ٹی آئی نے اتھارٹی کا استعمال کرتے  ہوئے  جیولری سیٹ کی من پسند قیمت لگوائی۔

توشہ خانہ قوانین کے مطابق تمام تحائف توشہ خانہ میں رپورٹ کرنے لازم ہیں، جیولری سیٹ ملٹری سیکرٹری کے ذریعے توشہ خانہ میں رپورٹ تو ہوا لیکن جمع نہیں کروایاگیا، ملزمان تحائف توشہ خانہ میں جمع کروانے کے پابند تھے تاہم انہوں نے ایسا نہ کرکے توشہ خانہ قوانین کی خلاف وزری کی۔

ذرائع کے مطابق جیولری سیٹ کی قیمت کا  تخمینہ لگانے والے صہیب عباسی وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں، جن کا کہنا ہے کہ انہوں نے دباؤ میں آکر جیولری سیٹ کی کم قیمت لگائی، صہیب عباسی کی خدمات پرائیوٹ طور پر لی گئی تھیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں عبوری ضمانت خارج کردی تھی۔

ضمانت خارج ہونے کے بعد نیب نے جیل میں ہی عمران خان کی گرفتاری ڈال دی تھی۔

مزید خبریں :