22 دسمبر ، 2023
کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار اور ارشد وہرا نے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 240 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا کہ شفاف الیکشن کے لیے سب سے زیادہ ایم کیو ایم پاکستان نے مطالبہ کیا تھا، صاف شفاف الیکشن کے لیے ضروری ہے کہ کاغذات نامزدگی کا مرحلہ خوش اسلوبی سے طے ہو، اب کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے دو روز کی توسیع کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ پر ضلع غربی میں بات کریں گے، مختلف جماعتوں سے مل رہے ہیں اس سے کوئی دوسرا مطلب نہ نکالا جائے۔
دوسری جانب رہنما ایم کیوایم ارشد وہرا نے بھی این اے 240 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم سندھ بھر سے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے، ہم پیپلزپارٹی کے 15 سال کے دور سے عوام کو چھٹکارا دلائیں گے۔