24 دسمبر ، 2023
آسٹریلیا کے خلاف میلبرن ٹیسٹ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کی منیجمنٹ کیلئے وکٹ کیپر کا انتخاب ایک چیلنج بن گیا ہے۔
26 دسمبر سے باکسنگ ڈے پر شروع ہونے والے پاک آسٹریلیا دوسرے ٹیسٹ سے قبل شان مسعود کی زیر قیادت کھیلنے والی 11 رکنی ٹیم میں وکٹ کیپر محمد رضوان ہوں گے؟یا سرفراز احمد، فیصلہ کرنا ٹیم منیجمنٹ کے لیے ایک چیلنج بن گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم منیجمنٹ سابق کپتان سرفراز احمد کی فارم اور فٹنس کو لے کر تشویش میں مبتلا ہے۔
پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 3 اور دوسری اننگز میں 4 رنز بنا کر دونوں مرتبہ مچل اسٹارک کا شکار بننے والے سرفراز احمد میلبرن ٹیسٹ سے پہلے 2 روزہ میچ میں بھی بڑی اننگز نا کھیل سکے ،جہاں پہلی اننگز میں وہ 35 اور دوسری اننگز میں 10رنزبناسکے تھے، جب کہ 2 روزہ میچ کی پہلی اننگز میں جہاں پاکستان نے 323رنز بنائے تھے، وکٹ کیپر محمد رضوان نے نصف سنچری اسکور کی تھی۔
اس تمام صورت حال میں ٹیم منیجمنٹ اب تک یہ فیصلہ نہیں کرسکی ہے کہ کسے کھلانا ہے اور کس کو ڈراپ کرنا ہے۔
تاہم ایک بات تو طے ہے کہ ٹیم منیجمنٹ سلمان علی آغا کو ڈراپ کر کے بطور بیٹر محمد رضوان کو کھلانے کے حق میں نہیں ہے اور ایک بات واضع ہے کہ یا تو وکٹ کیپر کی حیثیت سے سرفراز احمد ہی کھیلیں گے، یا پھر ٹیم سے ڈراپ ہوں گے۔
اطلاعات کے مطابق تا حال ٹیم منیجمنٹ یہ فیصلہ نہیں کرسکی ہے کہ بطور وکٹ کیپر سرفراز احمد کھیلیں گے، یا پھر محمد رضوان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن میں کھیلا جائے گا، آسٹریلیا کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔