پاکستان
19 جنوری ، 2013

کامران فیصل کی پر اسرار ہلاکت کی تفتیش شروع، کمپیوٹر قبضے میں لے لیا گیا

کامران فیصل کی پر اسرار ہلاکت کی تفتیش شروع، کمپیوٹر قبضے میں لے لیا گیا

اسلام آباد … رینٹل پاور کیس میں نیب کے تفتیشی افسر کامران فیصل کی پر اسرار ہلاکت کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے، پولیس نے کمپیوٹر قبضے میں لے لیا تاہم لیپ ٹاپ غائب ہے، ترجمان پولی کلینک اسپتال ڈاکٹر شریف استوری کا کہنا ہے کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے لگتا ہے کامران فیصل نے خود کشی کی، جسم پرخراش تک نہیں تھی، دوسری جانب میاں چنوں میں کامران فیصل کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔ رینٹل پاور کیس میں نیب کے تفتیشی افسر کامران فیصل کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کے حوالے کر دی گئی ہے۔ ترجمان پولی کلینک اسپتال ڈاکٹر شریف استوری کے مطابق ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق ان کے جسم پر تشدد یا گولی کے نشانات نہیں ملے، بظاہر لگتا ہے کہ کامران فیصل کی موت گلہ دبنے سے ہوئی، گلے پر رسی کے نشانات تھے، باقی پورے جسم پر کوئی خراش تک نہیں اور لگتا ہے کہ یہ خود کشی تھی، ان کا جسم کسی نے لٹکایا نہیں تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کی 3 رکنی ٹیم نے کامران کی لاش کا معائنہ کیا، ان کے جسم سے حاصل کیا گیا مواد کیمیائی تجزیے کیلئے لاہور بھجوادیا گیا ہے جس کی فرانزک رپورٹ ایک ہفتے بعد ملے گی۔ ذرائع کے مطابق کامران فیصل کی پر اسرار موت کی اطلاع نیب کے ایک سب انسپکٹر نے پولیس کو دی اور پولیس کے پہنچنے سے پہلے کمرہ بھی کھول لیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب حکام کا یہ اقدام غیر قانونی عمل ہے، کمرے سے کوئی وصیت یا خط نہیں ملا، پولیس نے کامران فیصل کا کمپیوٹر قبضے میں لے لیا ہے تاہم ان کا لیپ ٹاپ غائب ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ آئی جی پولیس بنیامین نے بھی فیڈرل لاجز میں کامران فیصل کے کمرے، باتھ روم اور دیگر جگہوں کا معائنہ کیا۔ ذرائع کے مطابق 24 گھنٹے گزر نے کے بعد بھی کامران فیصل کی پر اسرار ہلاکت کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی اور مقدمہ کے اندراج کیلئے ابھی تک کسی نے رابطہ بھی نہیں کیا۔ تھانہ سیکریٹریٹ میں صرف کامران فیصل کی موت کی رپورٹ درج کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عامر علی نے کامران فیصل کی پر اسرار ہلاکت کے کیس میں اے سی سیکریٹریٹ نعمان یوسف کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا ہے جو کامران فیصل کے قریبی دوستوں، ہاسٹل اسٹاف اور نیب افسران کے بیانات قلم بند کریں گے۔دوسری جانب میاں چنوں میں کامران فیصل کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔

مزید خبریں :