29 دسمبر ، 2023
نیپالی کرکٹر سندیپ لامیچانے پر لڑکی سے زیادتی کا جرم ثابت ہوگیا۔
نیپال کی میڈیا رپورٹ کے مطابق کھٹمنڈو ڈسٹرکٹ کورٹ کے سنگل بینچ پر مشتمل جج ششر راج نے جمعہ کو محفوظ فیصلہ سنایا۔
عدالتی فیصلے میں نیپالی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سندیپ لامیچانے کو لڑکی سے زیادتی کا مجرم قرار دے دیا گیا ۔عدالت کے مطابق زیادتی کے وقت لڑکی نابالغ نہیں تھی۔
نیپال کی میڈیا رپورٹ کے مطابق سندیپ لامیچانے کو سزا آئندہ سماعت پر سنائے جائے گی۔
واضح رہے گزشتہ سال ستمبر میں 17 سالہ لڑکی نے سندیپ کے خلاف شکایت درج کروائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ کرکٹر نے کھٹمنڈو کے ایک ہوٹل کے کمرے میں اس کے ساتھ زیادتی کی۔
لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں سندیپ لامیچانے کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے اور بعد ازاں انہیں ملک واپسی پر ائیرپورٹ سے گرفتار بھی کیا گیا۔
رواں سال 12 جنوری کو لامیچانے کی طرف سے دائر نظرثانی کی درخواست پر ہائی کورٹ نے کرکٹر کو 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے پر رہا کرنے کا حکم دیا تھاجس کے بعد سے وہ فی الحال ضمانت پر ہی رہا ہیں۔
واضح رہے کہ سندیپ لامیچانے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) ، بگ بیش لیگ (بی بی ایل ) اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل ) بھی کھیل چکے ہیں۔
انہوں نے پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کی تھی۔