30 دسمبر ، 2023
موسمیاتی تغیرات کے اعتبار سے ہمالیہ کے دامن میں آباد ریاست جموں و کشمیر انتہائی اہمیت کی حامل ہونے کے باوجود ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطرات کا شکار ہونے لگی ہے۔
گزشتہ سالوں کی نسبت 2023 میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث درجہ حرارت میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے پھلوں اور فصلوں کی پیداوار بری طرح متاثر ہوئی۔
درجہ حرارت بڑھنے سے درختوں پر لگے تیار پھل مرجھانے سے جہاں کسانوں کی آمدن میں شدید کمی ہوئی وہیں شدید گرمی کے باعث پانی کے ذخائر خشک ہو جانے پر مویشی پالنے والوں کو دودھ اور گوشت کی پیداوار میں غیر معمولی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کے ڈائریکٹر شفیق عباسی کے مطابق درجہ حرارت میں اضافہ اور بلیک کاربن گلیشئیرز کے پگھلنے کی بڑی وجہ بن رہے ہیں جس سے گلیشئر میں جھیلیں بنتی ہیں اور پھر ٹوٹ کر فلیش فلڈز کی شکل اختیار کرتی ہیں جو بڑے جانی اور مالی نقصان کا باعث بن رہے ہیں۔
موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث یہاں کا مسلسل بڑھتا ہوا درجہ حرارت مستقبل میں پانی کے شدید قلت سمیت مختلف بحرانوں کا سبب بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم سے کم کرنے کا ایک ہی حل ہے کہ زمین کو سبزے اور درختوں سے بھر دیا جائے جو کاربن سنک کا کام کریں اور کاربن کے اخراج کو کم سے کم کر کے ہی ہم کلائمیٹ چینج ریزیلینٹ سوسائٹی قائم کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔