Time 02 جنوری ، 2024
کھیل

دی راک اور رومن رینز ایک دوسرے سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار؟

دی راک اور رومن رینز حقیقی زندگی میں کزنز ہیں / فائل فوٹوز
دی راک اور رومن رینز حقیقی زندگی میں کزنز ہیں / فائل فوٹوز

ڈیوائن جانسن المعروف دی راک اور رومن رینز ایسے ریسلرز ہیں جن کے مداح پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود ہیں۔

اب امکان ہے کہ یہ دونوں پہلی بار ایک دوسرے کے مدمقابل آسکتے ہیں۔

جی ہاں واقعی رومن رینز کے ساتھ ڈریم ڈبلیو ڈبلیو ای میچ کا عندیہ خود دی راک نے دیا۔

یکم جنوری کو را (Raw) نامی شو کے دوران دی راک کی کافی عرصے بعد ڈبلیو ڈبلیو ای میں واپسی ہوئی۔

پیپلز چیمپ کی عرفیت سے مشہور دی راک نے براہ راست تو رومن رینز کو چیلنج نہیں کیا، مگر انہوں نے اس ڈریم میچ کا اشارہ ضرور دیا۔

رومن رینز خود کو ٹرائبل چیف اور ہیڈ آف دی ٹیبل کہتے ہیں اور دی راک نے شو کے دوران ہیڈ آف دی ٹیبل بننے کی خواہش ظاہر کی۔

خیال رہے کہ رومن رینز اور دی راک حقیقی کزنز ہیں اور وہ دونوں ایک فلم میں اکٹھے کام بھی کر چکے ہیں۔

یہ دونوں ہی Anoa'I family سے تعلق رکھتے ہیں اور رومن رینز کو ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بنے ایک ہزار دنوں سے زائد عرصہ ہوچکا ہے۔

3 سال کے عرصے میں انہوں نے جان سینا، بروک لیسنر، ایج اور دیگر متعدد بڑے ریسلرز کو شکست دی ہے۔

یہ تو واضح نہیں کہ دی راک اور رومن رینز کے درمیان مقابلہ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کے لیے ہوگا یا نہیں۔

مگر یہ ضرور واضح ہے کہ دونوں کے درمیان میچ دنیا بھر میں مداحوں کی توجہ کا مرکز بنے گا۔

رومن رینز کی جانب سے بھی دی راک کے الفاظ پر ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) پر ایک پوسٹ میں ردعمل ظاہر کیا گیا۔

اس سے قبل بھی رومن رینز اور دی راک کے درمیان 2023 کے ریسل مینیا ایونٹ میں مقابلے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا مگر ایسا نہیں ہوسکا۔

اب زیادہ امکان یہی ہے کہ یہ دونوں ریسل مینیا 40 میں ایک دوسرے کے مدمقابل آسکتے ہیں۔

مزید خبریں :