08 جنوری ، 2024
راولپنڈی: الیکشن ٹربیونل نے ریٹرننگ آفیسر کا نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور ان کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کو الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دیدیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی اور ان کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 اور پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 23 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ چیلنج کیا تھا۔
الیکشن ٹربیونل کے جج چوہدری عبدالعزیز نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جسے اب سنا دیا گیا ہے۔
الیکشن ٹربیونل نے دونوں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرے کا آر او کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ دونوں پر اثاثہ جات چھپانے، اہلیہ کے غیرملکی دورے ظاہر نہ کرنے کا اعتراض ثابت ہوا۔
اعتراض کنندہ کا گوشواروں اور مختلف کمپنیز میں شیئرز ظاہر نہ کرنے کا اعتراض بھی درست قرار دیا گیا اور دونوں حلقوں کیلئے الگ الگ اخراجات کے بینک اکاؤنٹس بھی نہ کھولنے کا اعتراض درست قرار پایا۔
پرویز الٰہی اور قیصرہ الٰہی پر دستاویزات میں تکنیکی غلطیوں اور اوتھ کمشنر سے تصدیق بھی نہ کرانے کا اعتراض درست قرار پایا۔