اس 'جادوئی' آئینے کی خصوصیات آپ کو دنگ کر دیں گی

یہ کسی جادوئی آئینے سے کم نہیں / فوٹو بشکریہ بارا کوڈا
یہ کسی جادوئی آئینے سے کم نہیں / فوٹو بشکریہ بارا کوڈا

آپ نے ہو سکتا ہے کہ جادوئی آئینے کی کہانیاں سنی ہوں مگر کیا حقیقی زندگی میں اسے استعمال کرنا پسند کریں گے؟

اگر ہاں تو بی مائنڈ نامی اسمارٹ مرر آپ کو ضرور پسند آئے گا۔

بارا کوڈا نامی کمپنی نے یہ 'جادوئی' آئینہ تیار کیا ہے جسے لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) کے دوران متعارف کرایا گیا۔

مگر یہ آئینہ کس قسم کی جادوئی خصوصیات سے لیس ہے؟

تو یہ جان کر دنگ رہ جائیں گے کہ یہ اسمارٹ آئینہ آپ کے عکس کو دیکھ کر تناؤ یا ڈپریشن جیسے امراض کے بارے میں بتا سکتا ہے۔

جی ہاں واقعی یہ آئینہ نہ صرف آپ کی ذہنی حالت کو شناخت کر سکتا ہے بلکہ وہ ایسی ورزشیں اور سرگرمیاں بھی تجویز کر سکتا ہے جس سے تناؤ یا ڈپریشن میں کمی لانا ممکن ہوسکے۔

کمپنی کے مطابق اس آئینے میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی کیئر او ایس آپریٹنگ سسٹم استعمال کیا گیا ہے۔

یہ اے آئی سسٹم تاثرات، بولے جانے والے الفاظ اور اشاروں کو سمجھ سکتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ صارف کے مزاج کو رئیل ٹائم میں بھانپ لیتا ہے تاکہ ذہنی مسائل کا علم ہوسکے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا پہلا اسمارٹ آئینہ ہے جو ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

اس آئینے کو کہیں بھی لٹکایا جا سکتا ہے اور اس میں عکس کو دیکھ کر روزانہ ذہنی حالت کا جائزہ لینا ممکن ہے۔

مگر اس کے ساتھ ساتھ کیئر او ایس کے ذریعے کسی بھی اسکرین کو اسمارٹ مرر میں تبدیل کرنا ممکن ہے جبکہ تھرڈ پارٹی پروگرامز تک رسائی بھی فراہم کی جائے گی۔

کمپنی نے بتایا کہ صارفین کی پرائیویسی کو ترجیح دی گئی ہے اور ڈیٹا تک دیگر کی رسائی ممکن نہیں۔

کمپنی کے سی ای او تھامس سیورل کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کو صحت میں آنے والی تبدیلیوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے جس سے لاکھوں زندگیوں کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری ذہنی حالت جسمانی صحت پر ٹھوس اثرات مرتب کرتی ہے اور اسے بہتر بنانے سے مختلف مسائل سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

مزید خبریں :