10 جنوری ، 2024
راولپنڈی: پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے غیر ملکی جریدے دی اکانومسٹ میں چھپنے والے آرٹیکل کی پوری ذمہ داری لے لی۔
اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر صحافی نے بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ آرٹیکل لکھ کر بھیجا یا زبانی ڈکٹیٹ کروایا؟ اس پر عمران خان نے پہلے کہا انہوں نے خود آرٹیکل لکھا، بعد میں کہا انہوں نے ڈکٹیٹ کروایا۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ وہ دی اکانومسٹ میں چھپنے والے آرٹیکل کی پوری ذمے داری لیتے ہیں۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا آرٹیفیشل انٹیلی جینس کا زمانہ ہے، بہت جلد ان کی تقریر سوشل میڈیا پر آئے گی ۔
دوسری جانب ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہےکہ دی اکانومسٹ میں چھپے آرٹیکل پر حقائق کو درست انداز میں پیش نہیں کیا جارہا، آرٹیکل عمران خان نے تحریر کیا ہے اور یہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے نہیں لکھا گیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے برطانوی جریدے دی اکنامسٹ میں مضمون لکھا جس میں انہوں نے الیکشن کے انعقاد پر شکوک و شہبات کا اظہار کیا اور لکھا کہ 8 فروری کو الیکشن کا اعلان ہوچکا لیکن گزشتہ سال مارچ میں سپریم کورٹ کے واضح حکم کے باوجود پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات نہیں کرائے گئے۔