20 جنوری ، 2013
واشنگٹن…کراچی میں ایم کیو ایم کے حق پرست رکن سندھ اسمبلی منظر امام شہید اور ان کے ساتھ شہیدہونیوالے دیگر شہدا کے بہیمانہ قتل اور اس سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں امریکہ اور کینیڈا کے مرکزی ذمہ داران شریک ہوئے۔ اجلاس میں ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے نگران عبادالرحمان، سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی اورکینیڈ ا کے سینٹرل آرگنائزر اقبال قمر سمیت سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امریکہ اور کنیڈا کے تمام بڑے شہروں میں حق پرست رکن سندھ اسمبلی منظر امام شہید کے دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل اور پاکستان میں بڑھتی ہوئی مذہبی انتہا پسندی اور اس کے نتیجے میں جنم لینے والی دہشت گردی کے خلاف بڑے عوامی مظاہرے منعقد کئے جائیں گے۔ منظر امام شہید سمیت انتہا پسندوں کی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے ہزاروں پاکستانیوں کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی اور شہداء کی مغفرت کے لئے دعائیہ اجتماعات بھی منعقد کی جائیں گی ۔ نارتھ امریکہ کے نگران عبادالرحمان نے امریکہ اور کینیڈا میں مقیم ایم کیو ایم کے ہزاروں کارکنان اور ہمدردوں کی جانب سے منظر امام شہید اور دیگر شہداء کی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت پر گہرے رنج اور غم کا اظہار کیا گیا۔ عبادالررحمان نے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان میں مذہبی انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن سیاسی جماعت ہے جس کے دو اراکین سندھ اسمبلی سمیت کارکنان اور ہمدردوں کا لہو دہشتگردی کے خلاف جنگ کی جدوجہد میں شامل ہو گیا ہے،قائد تحریک الطاف حسین پچھلے کئی سالوں سے طالبانائزیشن کے خطرات سے قوم کو آگاہ کرتے رہے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں ، سول اور فوجی قیادت پاکستان کو بچانے کے لئے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کسی بھی صورت میں انتہاء پسند دہشت گردوں پر مبنی ایجنڈا پاکستان پر مسلط نہیں کرنے دے گی۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ امریکہ اور کینیڈا میں منعقد ہونے والے مظاہروں میں پاکستانی کمیونٹی کو خاص طور پر شرکت کی دعوت دی جائیگی۔ آخر میں اجلاس کے شرکاء نے منظر امام شہید اور دیگر شہداء کی مغفرت اور ان کے بلند درجات کے لئے دعا کی گئی۔