16 جنوری ، 2024
پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن ٹیم لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کی ٹیم پی ایس ایل 9 میں اس مرتبہ کراچی میں اپنی قسمت آزمائے گی۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عاطف رانا نے کہا کہ لاہور میں 2 مرتبہ بیک ٹو بیک پی ایس ایل ٹرافی جیتی، کراچی میں ایک مرتبہ فائنل ہارے لیکن اس مرتبہ جیتیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 9 کے لیے تیاری اچھی ہے ٹیم تیار ہو چکی ہے، اب میدان میں اچھا پرفارم کرنا ہے، لاہور کے بعد اب کراچی میں بھی اچھی پرفارمنس ہوگی اور ٹائٹل جیتیں گے۔
عاطف رانا کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 9 کا ایک اچھا شیڈول ترتیب دیا گیا ہے، خواہش تھی کہ فائنل لاہور میں ہوتا لیکن کوئی بات نہیں،لاہور قلندرز کے گزشتہ برس 13 میچز ہاؤس فل تھے، امید ہے کہ فینز اس مرتبہ بھی لاہور قلندرز کی پذیرائی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے چیلنجز پہلے سے بڑھ چکے ہیں، مارکیٹ چھوٹی ہے، مالی مسائل بھی ہیں، دیگر لیگز کے انعقاد سے بھی مسائل ہیں لیکن پی ایس ایل کے چیلنجز پہلے روز سے ہیں، امید ہے کہ پی ایس ایل کا برانڈ مزید بڑھے گا تو چیلنجز کم ہوں گے ۔