21 جنوری ، 2013
پشاور … عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی پورے ملک کا مسئلہ ہے، صرف اے این پی کا نہیں، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے گی، کانفرنس سے مسئلہ حل نہ ہوا تو دیگر راستے اختیار کئے جائیں گے۔ پشاور نشتر ہال میں باچا خان کی25 ویں اور عبدالولی خان کی ساتویں برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب میں اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی صرف اے این پی یا کسی سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ پوری قوم کا مسئلہ ہے، جس کے حل کیلئے متفقہ فیصلہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس حوالے سے آل پارٹی کانفرنس طلب کرے گی جس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کسی ایک جماعت یا طبقے کے لوگوں کو ٹارگٹ نہیں کر رہی بلکہ سب کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہے ہیں۔