21 جنوری ، 2013
اسلام آباد … بلوچستان اسمبلی نے اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر بحث کے حوالے سے جمعیت علمائے اسلام ف کی قرارداد منظور کرلی۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر مطیع اللہ آغا کی زیر صدارت 6 دن کے وقفے کے بعد سواگھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا، اجلا س میں اراکین اسمبلی نے اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر بحث کے بعد رکن اسمبلی مولانا واسع کی پیش کردہ تحریک منظور کرلی گئی۔ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے مولانا واسع نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کو مرتب کر کے اسمبلی بھجوانے پر مولانا شیرانی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی بھی قانون قرآن وسنت کے خلاف نہیں ہونا چاہئے، ان کا کہنا تھا کہ وہ بلوچستان کے ایک کروڑ عوام اور اسمبلی کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں تاہم بعض اراکین اسمبلی کے ایوان میں نہ آنے پر افسوس ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب کے ذریعے ہمیں ڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے، نیب انہیں جیل میں ڈال سکتا ہے لیکن عوام کے دل سے ہماری محبت نہیں نکال سکتا۔