کھیل
21 جنوری ، 2013

کم میچز: اچھی کارکردگی کیلئے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا ہوگی، مصباح الحق

کم میچز: اچھی کارکردگی کیلئے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا ہوگی، مصباح الحق

جوہانسبرگ … پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ سے پیار کرنے والا بڑا ملک ہے اور کرکٹ کھیلنے والے ممالک کو پاکستان میں بین الاقوامی مقابلے دوبارہ شروع کرنے کیلئے سوچنا چاہئے، ہوم سیریز نہ ملنے اور کم ٹیسٹ میچز کے باعث اچھی کارکردگی کیلئے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا ہوگی۔ جوہانسبرگ میں کپتان مصباح الحق نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پاکستان میں ٹی 20 ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرے نظر آئے، ٹی 20 ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے دوران سیکیورٹی کے کوئی خدشات نہیں تھے، پاکستانی تماشائیوں کو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ انجوائے کرنے کے موقع ملنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کافی عرصے سے ہوم سیریز نہیں ملی، جب ٹیمیں اپنے ملک میں نہیں کھیلتیں تو کافی کرکٹ سے دور ہوجاتے ہیں، پاکستان کو ہوم سیریز نہ کھیلنے سے سال میں صرف 5 یا 6 ٹیسٹ میچ کھیلنے کو ملتے ہیں جبکہ دوسری ٹیمیں سالانہ 15 سے 16 ٹیسٹ میچز کھیل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ کم ٹیسٹ میچز کسی بھی ٹیم کی کارکردگی کو متاثر کرتی ہیں، ٹیسٹ کرکٹ نہ کھیلنے کی وجہ سے آپ کو مزید سخت محنت کرنا پڑتی ہے۔ مصباح کا مزید کہنا ہے کہ مسلسل ٹیسٹ کرکٹ نہ کھیلنے کی وجہ سے ٹیم کو مشکلات درپیش ہوتی ہیں، بحیثیت پیشہ ور کھلاڑی ہمیں اچھا پرفارم کرنا ہوگا اور ٹیسٹ کرکٹ میں ایڈجسٹ ہونا پڑے گا۔

مزید خبریں :