21 جنوری ، 2013
اسلام آباد … سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈرون حملوں سے متعلق امریکی کانگریس کی قرار داد پر کل وزیر خارجہ ایوان میں آئیں گی، اس معاملے کو سلامتی کمیٹی میں اٹھائیں گے، جمہوری نظام پر شب خون مارنے کی کوشش ناکام بنادی گئی، الیکشن کمیشن کو متنازع بنایا جارہا ہے تاکہ اشرافیہ کو اس میں حصہ رہے، نگراں سیٹ اپ میں عدلیہ اور فوج کی مشاورت غیر آئینی ہے، سینیٹ میں بشیر بلور کو امن نوبل ایوارڈ کیلئے نامزد کرنے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری کی زیر صدارت جاری ہے جس میں خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر شہید بشیر احمد بلور کو امن کے نوبل ایوارڈ کیلئے نامزد کرنے کی قرار داد ایوان میں متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ قائد ایوان سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ڈرون حملوں سے متعلق امریکی کانگریس کی قرار داد پر کل وزیر خارجہ حنا ربانی کھر ایوان میں آئیں گی، ہم یہ معاملہ سلامتی کمیٹی میں اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جمہوری نظام کیخلاف ڈرون حملہ ہوا اور سازش کی جارہی ہے، پارلیمنٹ کے سامنے جمہوری نظام پر شب خون مارنے کی کوشش کی گئی، جو ناکام بنادی گئی، جمہوری نظام کیخلاف شب خون مارنے کی یہ آخری کوشش نہیں۔ رضا ربانی نے مزید کہا کہ نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کی تشکیل کا اختیار اشرافیہ سے لیکر پارلیمنٹ کودلوایا، اب چور دروازے سے اشرافیہ کے عمل دخل کی کوشش کی جارہی ہے، جس کا مقصد انتخابات کو چرانا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو متنازع بنایا جارہا ہے تاکہ اشرافیہ کا اس میں حصہ رہے، صرف سپریم جوڈیشل کمیشن ہی چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرحلے پر الیکشن کمیشن کو تحلیل کرنا غیر آئینی ہوگا، نگراں سیٹ اپ میں عدلیہ اور فوج کی مشاورت غیرآئینی ہے، مسلح افواج حلف اٹھاتی ہیں کہ وہ سیاست سے دور رہیں گی۔ رضا ربانی کہتے ہیں کہ جانچ پڑتال کیلئے 30 دن کی ضرورت نہیں، اس کا مقصد لوٹے بنانا ہے، یہ لوگ گھناوٴنا کھیل کھیلنا اور الیکشن کا التوا اور نگراں ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ 3 سال کیلئے چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے لوگوں کو بتادوں، الیکشن کا التواء یا ایسے نگراں سیٹ اپ کی اجازت نہیں ہوگی۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر کامران مائیکل نے کہا کہ رحمان ملک نے پوپ کا مذاق اڑایا وہ اس عمل پر معافی مانگیں، انہوں نے رحمان ملک کے بیان پر سینیٹ اجلاس سے واک آوٴٹ کیا۔