کھیل
Time 21 جنوری ، 2024

پاکستان وائٹ واش سے بچ گیا، پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کو شکست دیدی

پاکستانی اسٹار بیٹر بابر اعظم 13 رنز اسکور کر پائے— فوٹو فائل
پاکستانی اسٹار بیٹر بابر اعظم 13 رنز اسکور کر پائے— فوٹو فائل

پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش سے بچ گیا، آخری میچ میں نیوزی لینڈ کو 42 رنز سے شکست دیدی۔

پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 135 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 17.2 اوورز میں 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس 22 گیندوں پر 26 رنز اور اوپنر فن ایلن 19 گیندوں پر 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ 19 اور ول ینگ 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ راچن رویندرا اور مارک چیمپمن صرف 1-1 رنز بنا پائے۔

پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے اپنے اسپیل میں 24 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد نواز اور کپتان شاہین آفریدی نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ زمان خان اور  اسامہ میر کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے  گئے سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم بیٹنگ لائن نے ایک بار پھر شائقین کو مایوس کیا اور قومی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں صرف 134 رنز اسکور کر پائی۔

پاکستان کے آٹھوں کھلاڑی نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں کیچ تھما کر آؤٹ ہوئے— کرک انفو
پاکستان کے آٹھوں کھلاڑی نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں کیچ تھما کر آؤٹ ہوئے— کرک انفو

پاکستانی اوپنر حسیب اللہ اپنے پہلے میچ میں پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے سوتھی کی گیند پر فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے بیٹر محمد رضوان رہے جنہوں نے 38 گیندوں پر 38 رنز اسکور کیے۔

ٹم سوتھی، میٹ ہینری، لوکی فرگوس اور ایش سوڈی نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں— کرک انفو
ٹم سوتھی، میٹ ہینری، لوکی فرگوس اور ایش سوڈی نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں— کرک انفو

پاکستان کی جانب سے فخر زمان 33، صاحبزادہ فرحان 19 اور پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم صرف 13 رنز بنا سکے، آٹھوں بیٹرز نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کے ہاتھوں میں کیچ تھما کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سوتھی نے ایک میڈن اوور کے ساتھ اپنے اسپیل کے 4 اوور میں 19 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میٹ ہنری بھی 30 رنز کے عوض  2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن اور ایش سوڈی نے بھی 2-2  کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے میں کامیاب رہے۔

کرائسٹ چرچ میں آج کے میچ کیلئے قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی تھیں، صائم ایوب، حارث رؤف اور وسیم جونیئر کو آرام دیا گیا جبکہ نوجوان وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ ڈیبیو اس نے اپنے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کا آغاز کیا۔

شاہین آفریدی کی قیادت میں پاکستانی اسکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، حسیب اللہ، بابر اعظم، فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان شامل ہیں۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا— فوٹو: پی سی بی
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا— فوٹو: پی سی بی

افتخار احمد، محمد نواز، اسامہ میر، عباس آفریدی اور زمان خان کے نام بھی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 1-4 سے شکست ہوئی ہے۔

مزید خبریں :