21 جنوری ، 2024
پاکستان نے غیر وابستہ تحریک کے 19ویں سربراہی اجلاس میں موقف اپنایا کہ عالمی چیلنجزپر مؤثربین الاقوامی تعاون سے ہی قابو پایا جاسکتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یوگنڈا کے شہر کمپالا میں ہونے والے غیر وابستہ تحریک کے 19 ویں سربراہی اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سید حیدر شاہ نے پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے غیر وابستہ تحریک کے ساتھ پختہ عزم کا اعادہ کیا اور غیر وابستہ تحریک کے بانی اصولوں، امن اور تعاون کے لیے مسلسل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ کا اجلاس میں کہنا تھا عالمی چیلنجزپر مؤثربین الاقوامی تعاون سے ہی قابو پایا جاسکتا ہے، پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اصلاحات ضروری ہیں، ترقی پذیر ممالک میں مالیات، تجارت اور ٹیکنالوجی کی اصلاحات ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق جلد حل ہونا چاہیے۔