Time 21 جنوری ، 2024
کھیل

پاکستان ہاکی ٹیم مسلسل تیسری بار اولمپکس میں کوالیفائی کرنے میں ناکام

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

تین مرتبہ  کی اولمپکس گولڈ میڈلسٹ  پاکستان ہاکی ٹیم  مسلسل تیسری مرتبہ اولمپکس کے لیےکوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔

مسقط میں ہونے والے کوالیفائرز کے تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف دو مرتبہ برتری حاصل کرنے کے بعد بھی ناکام رہی

پیرس اولمپکس میں جگہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کو اولمپکس کوالیفائر میں تیسری پوزیشن حاصل کرنا لازمی تھی لیکن تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ نے 2-3 سے ہرادیا ۔

مسقط میں کھیلا گیا تیسری پوزیشن کے میچ کا پہلا کوارٹر تو بغیر کسی گول کے برابر رہا لیکن دوسرے کوارٹر کے آغاز  میں ابوبکر محمود  نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے پاکستان کو برتری دلادی ۔

تاہم 6 منٹ بعد نیوزی لینڈ کے اسکاٹ بوائیڈ نے مقابلہ برابر کردیا۔

اگلے ہی لمحے پاکستان کو پنالٹی اسٹروک ملا جس پر ابوبکر محمود نے گول کرکے ایک بار پھر  پاکستان کو برتری دلادی۔

پاکستان کی 1-2 کی برتری آخری کوارٹر کے آخری چند منٹ تک برقرار  تھی لیکن فیصلہ کن وسل سے 8 منٹ قبل نیوزی لینڈ کے ہیگو اینگلس نےگول کرکے مقابلہ 2-2 کیا اور  پھر 58 ویں منٹ میں اسکاٹ بوائیڈ  نے گول داغ کر نیوزی لینڈ کو 2-3 کی برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار  رہی۔

اس طرح  پاکستان تیسری پوزیشن کا میچ 2-3 سے ہار گیا اور  ایک بار پھر اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا۔

پاکستان ہاکی ٹیم اس سے قبل ریو ڈی جنیرو اور  ٹوکیو اولمپکس کے لیے بھی کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔

مزید خبریں :