21 جنوری ، 2024
مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اقتدار میں آکر ملک کو معاشی گرداب سے نکالیں گے اور 300 یونٹ تک بجلی فری دیں گے۔
بھاٹی گیٹ لاہور میں این اے 118 میں حمزہ شہباز نے مرکزی دفتر کا افتتاح کیا۔ حمزہ شہباز کے پہنچنے پر ان کا والہانا استقبال کیا گیا اور نوٹ بھی نچھاور کیے گئے۔
کارکنوں سے خطاب میں حمزہ شہباز نےکہا کہ 8 فروری کا الیکشن ملک کی تقدیر بدل دے گا، نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی ختم کی، ہمارے دور میں ڈالر، پیٹرول چینی اور آٹا بھی سستے تھے۔
ان کا کہنا تھاکہ 100 یونٹ بجلی مفت کی توپی ٹی آئی حکومت نے حکم امتناع لے لیا، بانی پی ٹی آئی نے ملک کا دھڑن تختہ کردیا ہم نے سیاست کو داو پر لگا کر ملک بچایا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اقتدار میں آکر ملک کو معاشی گرداب سے نکالیں گے، 300 یونٹ تک بجلی فری دیں گے، نوجوانوں کو گن نہیں تعلیم، ہنر اور لیپ ٹاپ دیں گے، کسی سے انتقام نہیں لیں گے لیکن توشہ خانہ اور 190 ملین ڈالر کا حساب ہونا چاہیے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ہم نے کالا باغ ڈیم کی بس مس کردی لیکن اب دیا میر بھاشا ڈیم مکمل کریں گے، عوام سے کیے وعدے پورے کریں گے۔