کھیل
Time 25 جنوری ، 2024

دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھلاڑیوں کا فوکس کھیل پر نہیں تھا: محمد حفیظ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ نے انکشاف کیا ہے کہ دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں قومی کھلاڑیوں کا مکمل فوکس کھیل پر نہیں تھا ، انہیں مختلف لیگز کی فکر لگی ہوئی تھی۔

دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں پاکستان کے ٹیم ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں نبھانے والے محمد حفیظ نے پی سی بی کے  قائم مقام سربراہ شاہ خاور سے ملاقات کی جس میں انہوں نے شکست کی وجوہات بتائیں اور کرکٹ کی بہتری پربھی بات چیت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حفیظ نے بورڈ کے سربراہ کو بتایا ہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں قومی کھلاڑیوں کا مکمل فوکس کھیل پر نہیں تھا ، وہاں بھی انہیں مختلف لیگز کی فکر لگی ہوئی تھی۔

ذرائع کے مطابق محمد حفیظ نے پی سی بی کے سی او او سلمان نصیر سے بھی الگ ملاقات کی ۔

واضح رہے کہ محمد حفیظ کی بطور ٹیم ڈائریکٹر کنٹریکٹ کی میعاد ختم ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق محمد حفیظ نے دوبارہ معاہدے کی خواہش کا بھی اظہار کیا جس پر انہیں بتایا گیا کہ فیصلہ وزرات بین الصوبائی رابطہ کی مشاورت کے بعد ہی ممکن ہے ۔

یاد رہے کہ پاکستان کو دورہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی قومی ٹیم کو 1-4 سے شکست ہوئی۔

مزید خبریں :