26 جنوری ، 2024
پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات مکمل طور پر بحال ہوگئے۔
ایران اور پاکستان کے سفیروں نے ایک دوسرے کے ملکوں میں سفارتی ذمے داریاں دوبارہ سنبھال لیں۔ ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو تہران میں موجود ہیں۔ ایک بیان میں بتایا کہ پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم پہلے ہی پاکستان میں ہیں۔
پاک ایران تنازع کے دوران رضا امیری چھٹی پر ایران میں تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایران نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان کے علاقے پنگجور میں ایک چھوٹے سے گاؤں پر میزائل حملےکیے جس میں 2 بچیاں شہید اور 3 زخمی ہوگئیں۔
پاکستان نے ایران کے سفیر کو ملک بدر اور اپنے تہران میں تعینات سفیر کو واپس بلا لیا تھا۔
پاکستان نے اس سے اگلے روز ایران کے حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے سیستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں متعدد دہشت گردوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔
ایران کے سرکاری میڈیا نے بھی سیستان میں پاکستانی فورسز کے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملوں میں ہلاک ہونے والے ایرانی شہری نہیں ہیں۔