Time 27 جنوری ، 2024
پاکستان

'ایران میں پاکستانیوں کا قتل'، حملے دہشتگردی سے لڑنےکے عزم کو نہیں روک سکتے: پاکستان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: ایران میں پاکستانی مزدوروں کے قتل پر  پاکستان  نےکہا ہےکہ  ایسے  بزدلانہ  حملے پاکستان کو  دہشت گردی  سے لڑنےکے عزم کو نہیں  روک  سکتے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز  زہرا بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہےکہ یہ ہولناک اور قابل نفرت واقعہ ہے، ہم بلاشبہ اس کی مذمت کرتے ہیں، ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، واقعےکی فوری تحقیقات اور ملوث افراد کا فوری محاسبہ کیا جائے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہےکہ  زاہدان میں ہمارے قونصل جنرل اسپتال جا رہے ہیں جہاں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے، قونصلر مقامی حکام سے بھی ملاقات کریں گے، ہمارے قونصلر سخت کارروائی کی فوری ضرورت پر زور دیں گے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں، پاکستانی سفارت خانہ لاشیں وطن واپس لانےکی جلد از جلد پوری کوشش کرےگا، ایسےبزدلانہ  حملے پاکستان کو دہشت گردی سے لڑنےکے عزم سے نہیں روک سکتے۔

خیال رہے کہ ایران کے شہر سراوان میں نامعلوم افراد نے 9 پاکستانی مزدوروں کو قتل کردیا ہے۔

ایرانی خبررساں ایجنسی مہر کے مطابق پاکستانی سرحد سے ملحقہ ایرانی کے صوبے سیستان و بلوچستان کے شہر سراوان میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی مزدوروں کو قتل کیا۔

واقعے میں مزید 3 افراد زخمی ہوئے اور متاثرہ جاں بحق و زخمی افراد پاکستانی مزدور تھے جو مقامی ورکشاپ پر کام کرتے تھے اور  وہیں رہائش اختیار کر رکھی تھی۔

مہر ایجنسی کے مطابق اب تک کسی گروپ کی جانب سے واقعےکی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

مزید خبریں :