Time 04 فروری ، 2024
کھیل

دی راک کی ایک دہائی بعد رومن رینز کیخلاف مقابلے کیلئے ڈبلیو ڈبلیو ای رنگ میں واپسی

دی راک اور رومن رینز / فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
دی راک اور رومن رینز / فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ڈیوائن جانسن المعروف دی راک اپنے کزن اور ڈبلیو ڈبلیو ای کے موجودہ میگا اسٹار رومن رینز سے مقابلے کے لیے تیار ہیں۔

درحقیقت دی راک ایک دہائی بعد پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای کے رنگ میں رومن رینز کا مقابلہ کریں گے۔

دی راک نے 2013 میں آخری بار جان سینا کا مقابلہ کیا تھا جس کے بعد سے وہ فلموں میں زیادہ مصروف رہے ہیں۔

مگر اب وہ رومن رینز سے ریسل مینیا 40 میں مقابلے کے لیے تیار ہیں اور یہ موقع انہیں رائل رمبل مقابلے کے فاتح کوڈی روڈز نے فراہم کیا ہے۔

واضح رہے کہ رائل رمبل مقابلے جیتنے والے ریسلرز ڈبلیو ڈبلیو ای کے سب سے بڑے سالانہ ایونٹ ریسل مینیا میں کسی ٹائٹل میچ کا حصہ بنتے ہیں۔

اس سال مردوں کا رائل رمبل مقابلہ کوڈی روڈز کے نام رہا جو مسلسل دوسرے سال یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

گزشتہ سال کوڈی روڈز نے رائل رمبل مقابلے کو جیت کر ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپئن رومن رینز سے مقابلے کا انتخاب کیا تھا مگر ریسل مینیا 39 میں انہیں شکست کا سامنا ہوا۔

اس بار بھی توقع کی جا رہی تھی کہ کوڈی روڈز ریسل مینیا 40 میں رومن رینز سے مقابلے کو ترجیح دیں گے مگر 2 فروری کو ڈبلیو ڈبلیو ای کے شو اسمیک ڈاؤن میں انہوں نے اپنی جگہ دی راک کو آگے کر دیا۔

اس موقع پر دی راک اور رومن رینز نے کوئی بات نہیں کی، بس ایک دوسرے کو گھورتے رہے۔

دی راک اور رومن رینز کے درمیان مقابلے کا باضابطہ اعلان 8 فروری کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کیے جانے کا امکان ہے۔

خٰیال رہے کہ 2020 سے رومن رینز ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپئن ہیں اور 1200 سے زائد دنوں سے یہ اعزاز ان سے کوئی نہیں چھین سکا۔

دی راک کی رنگ میں واپسی اس وقت ہو رہی ہے جب انہیں ڈبلیو ڈبلیو ای کی سرپرست کمپنی ٹی کے او کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل کیا گیا ہے۔

رومن رینز اور دی راک حقیقی کزنز ہیں اور وہ دونوں ایک فلم میں اکٹھے کام بھی کر چکے ہیں۔

یہ دونوں ہی Anoa'I family سے تعلق رکھتے ہیں۔

اس سے قبل بھی رومن رینز اور دی راک کے درمیان 2023 کے ریسل مینیا ایونٹ میں مقابلے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا مگر ایسا نہیں ہوسکا۔

مزید خبریں :