07 فروری ، 2024
8 فروری 2024 کو ہونے والے انتخابات کی تمام تر تیاریاں اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، انتخاب میں حصہ لینے والے تمام امیدوار جیت کے لیے پر عزم دکھائی دے رہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار بھی دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح اپنی فتح کو یقینی بنانے کے لیے پر اعتماد ہیں اور پی پی رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا وزیراعظم بنوائیں گے۔
آئیں پی پی پی کے کچھ نامور اور بڑے امیدواروں پر نظر ڈالتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہیں اور وہ قومی اسمبلی کی 3 نشستوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری این اے 193 قمبر شہداد کوٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں جہاں ان کے مد مقابل جے یو آئی کے ناصر محمود ہیں۔ اس کے علاوہ بلاول بھٹو زرداری این اے 194 لاڑکانہ ون سے بھی حصہ لے رہے ہیں جہاں ان کا مقابلہ جے یو آئی کے راشد محمود سومرو سے ہے جو 2018 کے انتخابات میں بھی بلاول کے لیے سخت حریف ثابت ہوئے تھے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا تیسرا مقابلہ این اے 127 لاہور سے ہے جہاں ان کے حریف مسلم لیگ ن کے عطا تارڑ ہیں اور اس حلقے میں بھی سخت مقابلے کی توقع ہے۔
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 شہید بے نظیر آباد سے الیکشن لڑ رہے ہیں، یہ آصف علی زرداری کا آبائی حلقہ ہے اور وہ یہاں سے پہلے بھی الیکشن لڑتے اور جیتتے رہے ہیں، پہلے اس حلقے کا نام نوابشاہ تھا جسے اب شہید بے نظیر آباد کہا جاتا ہے۔
عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 209 سانگھڑ ون سے پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار اور سابق وفاقی وزیر و مرکزی اطلاعات پیپلز پارٹی شازیہ عطا مری اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے امیدوار محمد خان جونیجو مدمقابل ہیں۔
شازیہ مری کے حلقے میں دیگر امیدواروں میں تحریک لبیک پاکستان کی امید وار شبانہ کھوسر اور جماعت اسلامی کے ظہیر الدین بابر بھی شامل ہیں۔
این اے 209 سانگھڑ ون کی کل آبادی 1172516 ہے اور ووٹوں کی تعداد 607638 ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 326355 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 281283 ہے۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی حلقہ این یے 148 ملتان ون سےالیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جہاں ان کے حریف مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے امیدوار احمد حسین ڈیہڑ ہیں۔
اس حلقے میں الیکشن میں حصہ لینے والے دیگر امیدواروں میں تحریک لبیک پاکستان کے امید وار ملک اظہر احمد سندیلہ اور جماعت اسلامی کے عاطف عمران بھی شامل ہیں۔
این اے 148 ملتان ون کی کل آبادی 910134ہے جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 437157 ہے جس میں مرد ووٹرز 229838 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 207319 ہے۔
سابق وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف این اے 52 راولپنڈی ون سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ طارق عزیز بھٹی ایڈووکیٹ اور مسلم لیگ ن کے راجا محمد جاوید اخلاص کے مدمقابل ہیں۔
این اے 52 راولپنڈی ون کی کل آبادی 897744 ہے اور اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 666216 ہے۔
این اے 65 گجرات 4 سے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ اور آزاد امید وار سید وجاہت حسنین ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑیں گے، اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری نصیر احمد عباس سدھو بھی اپنی قسمت آزمائیں گے۔
این اے 65گجرات 4 کی کل آبادی 804138 ہے اور یہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 586253 ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 310622 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 275591ہے۔
Constituency | Pakistan Election 2024 | Election Results | NA