Time 07 فروری ، 2024
پاکستان

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے تُرپ کے پتے

کراچی سے قومی اسمبلی کی 22 نشستوں کے لیے ایم کیو ایم پاکستان سمیت 576 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ فوٹو فائل
کراچی سے قومی اسمبلی کی 22 نشستوں کے لیے ایم کیو ایم پاکستان سمیت 576 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ فوٹو فائل

عام انتخابات کا دنگل سجنے میں بس اب کچھ ہی گھنٹے باقی رہ گئے ہیں،کراچی میں پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے بھی بھرپور طریقے سے سیاسی اجتماعات اور ریلیاں نکال کر عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا۔

کراچی سے قومی اسمبلی کی 22 نشستوں کے لیے ایم کیو ایم پاکستان سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سمیت 576 امیدوار  انتخابات لڑ رہے ہیں۔

کراچی سے ایم کیو ایم پاکستان کے کئی بڑے نام انتخابی میدان میں موجود قومی اسمبلی کی نشستوں کو جیتنے کے لیے قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔

این اے 237

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما محمد عبدالرؤف صدیقی کراچی شرقی کے حلقہ این اے 237 سے انتخابی الیکشن لڑ رہے ہیں جبکہ ان کے مقابل پیپلز پارٹی کے اسد عالم نیازی اور جماعت اسلامی کے عرفان احمد ہیں۔

این اے 237 کل رجسٹر ووٹر کی تعداد چار لاکھ تیرہ ہزار نو سو بیالیس جبکہ آبادی کل 9 لاکھ 90 ہزار 405 ہے۔

این اے 241، این اے 244

کراچی کے حلقے این 241 کراچی جنوبی اور این اے 244 کراچی غربی سے ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر فاروق ستار پنجہ آزمائی کریں گے۔

این اے 241 میں ان کے سامنے پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان آزاد حیثیت میں مدمقابل ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ اور جماعت اسلامی کے نوید علی بیگ بھی اس حلقے سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

این اے 244 میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آفتاب جہانگیر اور پیپلز پارٹی کے حافظ عبدالبیر ان کے ان کے خلاف میدان میں ہوں گے۔

این اے 241 میں کل رجسٹرڈ ووٹر کی تعداد 4 لاکھ 62 ہزار 512 جبکہ ،این اے 244 میں ووٹر کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار 824 ہے۔

این اے 242

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 242 کیماڑی ون سے ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان مصطفیٰ کمال انتخابات لڑ  رہے ہیں، مصطفیٰ کمال کو پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل اور مسلم لیگ ن کے غلام شعیب کے علاوہ جماعت اسلامی کے فضلِ احد سے مقابلے کا چیلنج بھی درپیش ہے۔

کیماڑی ون کی مجموعی آبادی 10 لاکھ 25 ہزار 731 ہے اور یہاں پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار  674 ہے۔

این اے 246

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور سابق وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق این اے 246 سے قسمت آزمائیں گے۔

 امین الحق کو امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان اور پیپلز پارٹی کے وسیم اختر کا سامنا ہے، اس حلقے میں امین الحق اور حافظ نعیم الرحمان کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ این اے 246 میں کل رجسٹرڈ ووٹر کی تعداد 4 لاکھ 23 ہزار 861 ہے۔

این اے 247 

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 کراچی سینٹرل سے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن سیاسی معرکہ لڑیں گے۔

اس حلقے میں ان کا مقابلہ جماعت اسلامی کے منعم ظفر خان اور پیپلز پارٹی کے شیخ محمد معاذ فیروز سے ہو گا۔

این اے 247 کراچی سینٹرل کی کل آبادی 9 لاکھ 38 ہزار 178 نفوس پر مشتمل ہے جہاں رجسٹرڈ ووٹرز 4 لاکھ 36 ہزار 934 ہیں۔

این اے 248

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کراچی کے حلقے این اے 248 وسطی سے سیاسی میدان میں موجود ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے محمد بابر خان اور پی پی پی کے محمد حسان خان ان کے مد مقابل سیاسی میدان میں اپنی قسمت ازمائیں گے۔ اس حلقے میں ووٹر کی تعداد این اے 248 5 لاکھ 99 ہزار811 ہے۔

Constituency | Pakistan Election 2024 | Election Results | NA

مزید خبریں :